
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمود علی نے کہا ہے کہ ریاست میں گنگا جمنی تہذیب برقرار ہے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی نے اپنے 50 سالہ دور اقتدار میں اقلیتوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔ جبکہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے دور اقتدار میں تلنگانہ ایک سیکولر ریاست ہے۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے لیے انجام دیے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے واقف کروایا۔۔
محمود علی نے کہا کہ غریب مسلم لڑکیوں کی شادیوں کے لیے شادی مبارک اسکیم نافذ کی گئی ہے۔ تلنگانہ بھون میں محمود علی نے اقلیتی قائدین کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 3 ہزار طلبہ کو بیرون ممالک تعلیم حاصل کرنے کے لیے مدد فراہم کی گئی ہے۔ بیرون ممالک میں حصول تعلیم کے خواہشمند اقلیتی طلبہ کو 20 لاکھ روپے اسکالرشپ دی جا رہی ہے
اور مائناریٹی بندھو پر بھی عمل آوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے بجٹ میں 2200 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں یہ کانگریس اور بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں سے کئی گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ریاست میں ذات پات فرقہ سے بالاتر ہو کر حکومت کی جانب سے تمام طبقات کی فلاح بہبود کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔