
حیدرآباد۔20اکتوبر (تلنگانہ خبر) چیف منسٹر و صدر بی آر ایس چندرشیکھرراو نے مجوزہ انتخابات میں 95 سے 105 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بی آر ایس کی ہیٹ ٹرک کامیابی یقینی ہے۔ اس معاملہ میں کسی کو شک کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
گجویل اسمبلی حلقہ کے بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کا ایک اجلاس تومکنٹہ کے کنونشن ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ گجویل میں میرا مکان، زرعی اراضی اور دوسری سرگرمیاں ہیں۔ میں گجویل چھوڑکر کہیں نہیں جاوں گا ۔ اگرچہ کہ کاماریڈی سے مقابلہ کرنے کا میں نے فیصلہ کیاہے لیکن وہ گجویل چھوڑکر کہیں نہیں جائیں گے۔ یہیں رہیں گے۔۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس مرتبہ گجویل کی عوام انہیں کتنی اکثریت سے کامیابی دلاتی ہے وہ عوام کی محبت پرمنحصر ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں کبھی شکست نہیں دیکھی۔ البتہ ایک مرتبہ وہ جیت کر ہارگئے تھے۔ ہر وقت انہیں کامیابی ملتی رہی تاہم ایک مرتبہ کے انتخابات میں انہیں ایک سازش کے تحت 700 ووٹوں سے ناکام قرار دیا گیا۔ اس وقت ان کی عمر 25 سال تھی اور اس انتخاب میں بیالٹ پیپر سے رائے دہی ہوئی تھی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گذشتہ دس سال کے دوران ان کی حکومت نے ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے جو کام کئے ہیں اس سے عوام کو یہ معلوم ہوگیا ہے کہ ہم کیا ہیں؟ اب عوام کو ہمارے بارے میں مزید تفصیلات بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔
چیف منسٹر نے وعدہ کیا کہ آنے والی میعاد میں ریاست کے تمام زیرالتواء کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ چندرشیکھرراو نے کہا کہ جب کبھی وہ گجویل اسمبلی حلقہ کا دورہ کرتے ہیں تو انہیں ہر وقت دکھ ہوتا ہے کیوں کہ وہ اپنے حلقہ کے عوام کو نظر نہیں آتے کیوں کہ چیف منسٹر کے عہدہ کی انہیں بھاری ذمہ داری ہے۔ اس لئے وہ اپنا زیادہ وقت گجویل میں نہیں دے پارہے ہیں تاہم وہ وعدہ کرتے ہیں کہ آنے والی میعاد میں وہ گجویل اسمبلی حلقہ میں ہر ماہ ایک دن مختص کریں گے اور یہاں کے تمام زیرالتواء کاموں کو مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک دن آپ لوگوں کے ساتھ گزاریں گے اور ترقیاتی کاموں کی تفصیلات حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کونڈاپوچماں ساگر اور ملناساگر پراجکٹ کے اراضی متاثرین کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے میعاد میں گجویل اسمبلی حلقہ کی ہمہ جہت ترقی دیتے ہوئے اسے ریاست بھر کے مثالی اسمبلی حلقہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے انتخابات میں کامیابی کے بعد چیف منسٹرکے عہدہ کے ساتھ یہاں پہلا اجلاس اسی ہال میں منعقد کرتے ہوئے تمام زیرالتواء کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے بلو پرنٹ تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک گجویل میں جو ترقیاتی کام ہوئے وہ صرف پہلے مرحلہ کے تھے۔آئندہ میعاد میں دوسرے مرحلہ کے مزید کاموں کو انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ گجویل اسمبلی حلقہ میں کوئی خاندان ایسا نہ رہے جو ذاتی گھر نہیں رکھتا۔ تمام خاندان کو ذاتی گھر فراہم کریں گے۔