
چیف منسٹرچندرشیکھر راؤ نے واضح کیا ہے کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ وہ حلقہ اسمبلی ناگرجنا ساگر کے ہلیہ میں عوامی جلسے عام سے خطاب کر رہے تھے۔ کےسی آر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس دور اقتدار میں عوام کو نظر انداز کر دیا جاتا تھا صرف 200 روپے وظیفے کی رقم کے طور پر دی جاتی تھی، اسے بڑھا کر ایک ہزار روپے بی آر ایس حکومت نے کیا اور اس رقم میں مزید اضافہ کرتے ہویےاسے دو ہزار روپے کر دیا گیا، یہ صرف بی آر ایس حکومت کے ذریعہ ہی ممکن ہو سکا ہے۔
چندرشیکھر راؤ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وظیفے کی رقم کو بڑھا کر پانچ ہزار روپے کیا جائے گا۔ بی آر ایس سربراہ نے رائے دہندوں سے خواہش کی کہ وہ اس بات کو نظر میں رکھ کر ووٹ دیں کہ کون ان کے لیے اچھا کرتا ہے اور کون ان کے لیے برا کرتا ہے۔ کے سی آر نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگرس کے برسر اقتدار آنے پر برقی سربراہی میں کٹوتی یقینی ہے۔