
حیدرآباد۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقے پٹن چیرو کی ایک فارما کمپنی میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ پاشا میلارم میں واقع آدیتہ فارما کمپنی میں دوپہر تقریبا 12 بجے ریکٹر میں آگ لگ گئی، آگ اچانک شدت کے ساتھ بھڑک اٹھی ۔ وہاں موجود بعض ملازمین باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پانچ مزدور اس واقعہ میں زخمی بتائے گئے ہیں۔ زخمیوں کی شناخت ہنسک لال، راجہ سنگھ مہیش اور راجو کے طور پر کی گئی ہے۔انہیں علاج کے لیے خانگی ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔
پٹن چیرو اور بی ڈی ایل سے فائر انجنوں کو طلب کر کے آگ پر قابو پایا گیا۔ آگ بجھانے کے کام کے دوران کیمیکلز کی وجہ سے فائیر بریگیڈ کے عملہ کو بھی سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے دو ملازمین متاثر ہو گئے اور ایک ملازم کے آگ بجھانے کے کام کے دوران زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔