
حیدرآباد۔ تلنگانہ کی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی کے اسکارٹ انچارج، فاضل علی کی خودکشی کے معاملہ میں ان کی بیٹی نے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ فاضل علی کی بیٹی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے والد نے تین لاکھ روپئے قرض حاصل کیا تھا، تین لاکھ کی ادائیگی پر لون دینے والوں نے مزید دس لاکھ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن انھوں نے وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہہ سے ان کے والد کافی پریشان ہوگئے تھے کیونکہ انھوں نے وہ رقم قرض پر حاصل کی تھی۔
آج صبح وہ اپنے والد کے ساتھ ہی آئیں تھیں اور ان کے والد نے خود کو گولی مارلی۔ واضح رہے کہ فاضل علی نے آج صبح شہر کی ایک لاج میں فائرنگ کرکے خودکشی کرلی تھی۔ لڑکی نے کہا کہ ان کے پاس لون سے متعلق تمام شواہد موجود ہیں اور وہ اپنے والد کی خواہش کے مطابق یہ ثبوت پولیس کے حوالے کریں گی. فاضل علی آرمڈ ریزرو رچہ کنڈہ میں خدمات انجام دے رہے تھے ۔ انھوں نے اتوار کی صبح اپنی سرویس پستول سے بنجاراہلز، سری نگر کالونی میں خود کو گولی مارلی۔