
سی وی آنند نے حیدرآباد پولیس کمشنر کی ذمہ داری سنبھالی
سی وی آنند نے حیدرآباد پولیس کمشنر کی ذمہ داری سنبھالی
حیدرآباد: سینئر آئی پی ایس آفیسر سی وی آنند نے حیدرآباد کے 61 ویں پولیس کمشنر کے طور پر عہدہ سنبھال لیا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے کمشنر سرینواس ریڈی سے پیر کی صبح سی پی آفس میں چارج سنبھال لیا۔ یہ شہر کے پولیس سربراہ کے طور پر آنند کی دوسری مدت کار ہے۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آنند نے حیدرآباد پولیس کمشنر کی حیثیت سے واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے منشیات اور گانجہ کی روک تھام کے لیے ریاست کے سنجیدہ نقطہ نظر پر زور دیا اور ان کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے شہر میں امن و امان کو بہتر بنانے کا بھی وعدہ کیا۔ انہوں نے دوستانہ پولیسنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عوام کو یقین دلایا کہ پولیس کی رسائی کے ساتھ ساتھ وہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
حیدرآباد پولیس کمشنر نے نشاندہی کی کہ پرامن گنیش وسرجن کو یقینی بنانا ایک ترجیح ہے اور کہا کہ ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ آنند نے شہر کے بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کو بھی تسلیم کیا اور انہیں حل کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قتل اور عصمت دری جیسے جرائم کو سختی سے نپٹایا جائے گا۔
آنند حیدرآباد پولیس کے چوتھے کوتوال ہیں جنہوں نے ایک ہی مدت میں اس عہدے پر دو مرتبہ خدمات انجام دیں۔ انہیں سب سے پہلے دسمبر 2021 میں حیدرآباد پولیس کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا اور اکتوبر 2022 تک خدمات انجام دیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن کے احکامات کے بعد ان کا تبادلہ کردیا گیا۔ اب، وہ 7 ستمبر کو سرینواس ریڈی کے ٹرانسفر کے بعد اس عہدے پر واپس آئے ہیں۔
سی وی آنند 21 سالوں میں شہر کے کمشنر کے طور پر مقرر ہونے والے پہلے ڈی جی پی سطح کے افسر ہیں۔ حیدرآباد کے پہلے کمشنر حسن علی خان سے لیکر اب تک 60 افسران اس عہدے پر فائزہے اور آنند 61 ویں نمبر پر ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آنند سمیت صرف سات افسران کو دو مرتبہ کمشنر کے طور پر خدمات انجام دینے کا نادر موقع ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسمبلی سکریٹری کو منحرف ایم ایل ایز کی نااہلی پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔