
ہائی کورٹ نے بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کے بیٹے راحیل کی طرف سے ہٹ اینڈ رن کیس میں پیشگی ضمانت کی درخواست کو خارج کر دیا۔ 17 فروری 2022 کی رات 8 بجے جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 کے قریب ڈیوائیڈر عبور کرتے ہوئے ایک تیز رفتار گاڑی کیبل برج سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں ایک بچے کی موت اور تین دیگر زخمی ہو گئے تھے ۔
کار میں سوار تین افراد فرار ہو گئے۔ جوبلی ہلز پولیس نے دفعہ 304A اور 337 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔ ٹکر دینے والی تھار گاڑی پر اس وقت کے بودھن کے رکن اسمبلی عامر شکیل کے نام کا اسٹیکر لگا ہوا تھا ۔ افران نامی نوجوان نے پولیس کے سامنے یہ کہتے ہوئے خودسپرد ہوگئے کہ وہ گاڑی چلا رہا تھا۔
پولیس نے جوبلی ہلز کیس کی تحقیقات اس وقت دوبارہ شروع کی جب گزشتہ سال دسمبر میں راحیل کو پرگتی بھون کے سامنے لگائے گئی حصار بندی کو ٹکر مارنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جوبلی ہلز حادثے کے دوران، پولیس نے نتیجہ اخذ کیا کہ راحیل کار چلا رہا تھا اور افران کو منظر پر لایا گیا تھا۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس این ٹوکارام جی نے منگل کو جوبلی ہلز کیس میں راحیل کی جانب سے پیشگی ضمانت کے لئے دائر مقدمہ کی سماعت کی۔
اس موقع پر پبلک پراسیکیوٹر نے پولیس کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگر درخواست گزار کو ضمانت قبل از گرفتاری دی جاتی ہے تو والد کی سیاسی طاقت اور مالی طاقت کا گواہوں پر اثر انداز ہونے کا خطرہ ہے۔ ہائی کورٹ نے اس دلیل کو قبول کرتے ہوئے درخواست ضمانت خارج کر دی۔