
ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا نے کہا ہے کہ مرکزی بجٹ کا جائزہ لینے کے بعد اسی خطوط پر ریاست کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔بھٹی وکرمارکا جو وزیر فینانس کا بھی قلمدان رکھتے ہیں نے گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرض حاصل کرتے ہوئے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا اور اسی آمدنی سے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپوں کو آیندہ پانچ سالوں میں ایک لاکھ کروڑ کے بلاسودی قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ حکومت کسانوں کے قرض کی معافی کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اس میں کسی شک کی ضرورت نہیں ہے۔مرکز کی بی جے پی حکومت کو چاہیے کہ وہ ذات پات کی مردم شماری کرائے تاکہ ملک کی آمدنی کو برابر تقسیم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہر طبقہ کو حکومت میں شراکت دار بنایا جائے۔
بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک کی آمدنی کے وسائل کو مناسب طور پر تقسیم کرنے کے لیے ملک بھر میں پدیاتر کی تھی انتخابات سے پہلے راہول گاندھی نے کہا تھا کہ آمدنی اور عہدوں کو مختلف طبقات کی آبادی کے تناسب سے تقسیم کیا جائے۔
کانگریس حکومت تلنگانہ میں راہول گاندھی کے نظریات پر عمل کررہی ہے راہول گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر، ہم ایک بار پھر واضح کرتے ہیں کہ ہم ان کے نظریات اور خواہشات کو آگے بڑھائیں گے۔ ملک میں ذات پات کی مردم شماری کرانے کے لیے راجیو گاندھی کی اپیل انقلابی تھی انھوں نے کہا کہ میڈی گڈہ بریج میں جمع ریت کے ٹیلہ کو ہٹانے سے ہی بریج کے مرمتی کاموں کو انجام دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر برقی جگدیش ریڈی نے ہی اسمبلی میں اس بات کا مشورہ دیا تھا کہ برقی خریداری کے معاملے میں ہوئی مبینہ بے قاعدگیوں کی عدالتی تحقیقات کروائیں۔ ان کے مشورہ پر ہی کانگریس حکومت نے بے قاعدگیوں کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور اب جبکہ عدالتی تحقیقات جاری ہیں بی آر ایس پارٹی کے قائدین عدالتی تحقیقات کی مخالفت کررہے ہیں جو معنی خیز ہے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی میں محنت کرنے والوں کی تفصیلات پارٹی ہیڈ آفس میں موجود ہیں۔ جن لوگوں نے پارٹی کے لئے کام کیا ہے ان کو جلد عہدے مل جائیں گے۔