
تلنگانہ کے اہم کالیشورم پراجکٹ کا حصہ میڈی گڈہ بیریج کے نقصان سے دوچار دروازوں میں سے آخری 20 ویں دروازے کو ہٹانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ پچھلے سال اکتوبر میں، میڈی گڈا بیریج کے ستون منہدم ہوگئے تھے جس کے نتیجہ میں اس کے دروازوں کو بھی شدید نقصان پہنچاتھا۔اس سے کئی مسائل بھی پیداہوئے تھے۔
نیشنل ڈیم سیفٹی اتھارٹی (این ڈی ایس اے)نے اس سلسلہ میں جانچ کر کے عبوری رپورٹ حکومت کے حوالے کردی۔ این ڈی ایس اے نے دروازوں کی عارضی مرمت اور ان کو ہٹانے کا مشورہ دیا۔ کئی دروازے کاٹ کر اٹھائے گئے کیونکہ انہیں نہیں اٹھایا جا سکتا تھا۔نقصان سے دوچار دروازوں میں سے آخری 20ویں دروازے کی کٹنگ کا کام مکمل ہونے کے بعد اس کے پرزے ہٹائے جا رہے ہیں۔