
حیدرآباد ۔ شہر کے علاقہ دومل گوڑہ میں نوکر نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر خاتون کا قتل کر دیا اور مکان سے قیمتی اشیاء نقدی لوٹ کر فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ گگن محل علاقہ میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق 31 سالہ خاتون اسنیہا لتا اپنے ارکان خاندان کے ساتھ رہا کرتی تھی۔ کل اس کے گھر والے کسی کام سے باہر گئے ہوئے تھے اس وقت گھر میں ان کا ملازم مہیش موجود تھا۔
خاتون کو تنہا دیکھ کر اس نے اپنے ساتھی کو بلا لیا اور خاتون کو کرسی سے باندھ دیا گیا اور اس کے منہ میں کپڑا ٹھونس دیا گیا تاکہ وہ شور نہ مچا سکے۔ بعد ازاں نوکر مہیش اپنے ساتھی کے ساتھ نقد رقم، سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گیا۔
گھر والے جب شام واپس ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ اسنیہالتا کرسی پر بے ہوشی کی حالت میں پڑی ہوئی ہے۔ اسے فوری طور پر خانگی ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں وہ فوت ہو گئی۔ پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کر کے مہیش کی تلاش شروع کر دی ہے