
تلنگانہ جناسمیتی کے سربراہ پروفیسرکودنڈارام نے تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی کارکردگی پراطمینان کااظہار کیا۔انہوں نے ایک تلگونیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں واضح کیاکہ نئی ایک ماہ کی حکومت پر عوام میں خوشی پائی جاتی ہے۔یہ کہتے ہوئے کہ اسی طرز کی حکمرانی کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔پروفیسرکودنڈارام نے کہا کہ یہ اچھے نتائج کی علامت ہے
پروفیسرکودنڈارام نے نشاندہی کی کہ نئی حکومت بے روزگاری اوردیگر مسائل پر توجہ دے رہی ہے۔ گذشتہ حکومت کے دوران روزانہ نئے تناو کی صورتحال ہواکرتی تھی اور وہ دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج بھی کیا کرتے تھے۔ پروفیسرکودنڈرام نے یاد دلایا کہ پیشرو حکومت کے دوران کسی مسئلہ پر وزیراعلی سے نمائندگی کا فیصلہ کیاگیا تھا، اسی کے حصہ کے طورپروہ، سی پی آئی اور سی پی ایم لیڈران کیمپ آفس پرگتی بھون جانے والے تھے تاہم سی پی آئی لیڈروں کو ان کے دفاتر اور ان کوان کے گھر پرنظربند کردیاگیا تھا۔آج صورتحال اس کے برعکس ہے۔