
حیدرآباد۔ پارٹ ٹائم جاب اور سرمایہ کاری کے نام پر آن لائن دھوکہ دینے والے دو دھوکہ بازوں کو حیدرآباد کی سی سی ایس پولیس نے گرفتار کر لیا۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے اصل سرغنہ پنچال کی ہدایت پر ہریانہ اور فریدآباد کے ہمانش اور پراوین نقلی آدھار کارڈ، پین کارڈ تیار کروا رہے تھے اور اس کے ذریعہ بینک اکاؤنٹ کھلوا کر انہوں نے تقریبا ڈھائی کروڑ روپے کا دھوکہ دیا تھا۔
امیر پیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی شکایت پر پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ان دونوں کو گرفتار کر لیا ان کے پاس سے سیل فونس، سم کارڈس، چیک بکس کے علاوہ دیگر دستاویز ضبط کر لیے گئے۔ یہ ٹولی سادہ لوح افراد کو نقلی لنک بھیجا کر آن لائن انوسٹمنٹ اور پارٹ ٹائم جاب کے نام پر لوٹ لیا کرتی تھی۔ پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آن لائن پارٹ ٹائم جاب کے نام پر آنے والے نقلی پیغامات سے ہوشیار رہیں۔