
حیدرآباد۔شہر میں معصوم بچوں پر کتوں کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ طور پر بورا بنڈہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک لڑکے پر کتے نے حملہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایرا گڈہ سے تعلق رکھنے والا نو سالہ لڑکا علمدار اپنے دوستوں کے ساتھ جا رہا تھا کہ ان کے پڑوسی کے کتے نے لڑکے کو کاٹ لیا۔ جس کے نتیجہ میں لڑکا شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
لڑکے کے گھر والوں نے بتایا کہ پڑوسیوں نے کتے کو کھلا چھوڑ دیا تھا جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا ۔اس سلسلے میں پولیس سے شکایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند دن قبل حیدرآباد کےعلاقہ دلسکھ نگر اور نظام پیٹ میں بھی دو معصوم بچوں پر کتوں نے حملہ کیا تھا۔ کتوں کے حملوں کے واقعات میں اضافہ سے شہریوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے اور وہ جی ایچ ایم سی کے حکام سے آوارہ کتوں کو پکڑنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔