
ابھی تک آپ نے مکانات یا دکانات وغیرہ میں چوری کی وارداتوں کی خبریں سنی دیکھی یا پڑھی ہوں گی لیکن آج ہم آپ کو ایسی انوکھی چوری کی واردات کے بارے میں بتارہے ہیں جسے پڑھ کر آپ ضرور چونک جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے ضلع متحدہ کریم نگر کے بعض شمشان گھاٹوں میں جلائے گئے مردوں کی ہڈیوں کی چوری کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔مقامی عوام نے شبہ کیا کہ ان ہڈیوں کااستعمال کالا جادوکیلئے کرنے کی غرض سے مردوں کی ہڈیاں چرائی جارہی ہیں۔ بعض افرادنے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے رشتہ داروں کے ہڈیوں کی چوری کی گئی ہے جن کو اصل میں دریا میں بہایاجانا تھا۔
سلطان آباد پولیس نے بتایا کہ گذشتہ دو دن پہلے یہ واقعہ پیش آیا۔پولیس نے کہاکہ مردوں کو جلانے کے بعد ان کی ہڈیوں کو لے جانے کے لئے جب ان کے رشتہ دارشمشان گھاٹ پہنچے تو انہیں یہ دیکھ کرحیرت ہوئی کہ شمشان گھاٹ سے ہڈیوں کی چوری کرلی گئی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی ہے۔