
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ نے پیر کو مولاعلی میں آنجہانی پروفیسر سائی بابا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کے ٹی آر نے سوگوار کنبہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے سکون کے لئے دعا کی۔ کے ٹی آر کے ساتھ ایم ایل اے کالیرو وینکٹیش، بلکا سمن، پالے روی کمار، تولا اوما اور بی آر ایس پارٹی کے کئی کارکنان تھے۔
انسانی حقوق کے کارکن کے بے وقت انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے اسے ملک کی عوامی تحریکوں کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے پروفیسر سائبابا کے اہل خانہ اور حامیوں کے تئیں اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ سدی پیٹ ایم ایل اے ہریش راؤ نے بھی پروفیسر سائی بابا کی رہائش گاہ پر جاکر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پھول چڑھائے اور لواحقین کو تسلی دی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ سائی بابا جو حال ہی میں طویل قید سے رہا ہوئے تھے، کا اچانک انتقال افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر سائی بابا اور ان کے خاندان نے تقریباً ایک دہائی تک بے پناہ مصائب برداشت کیے جو کہ الفاظ سے باہر ہے۔
ہریش راؤ نے سائی بابا کے ساتھ کیے گئے سلوک پر سوال اٹھایا، جس میں ان کی جسمانی معذوری کے باوجود ان کے خلاف درج کیے گئے غیر منصفانہ مقدمات کو اجاگر کیا۔ کئی دیگر قائدین بشمول سابق ایم ایل اے پیڈی سدرشن ریڈی، شنکر نائک، اور پارٹی قائدین ایراوولا سرینواس، تولا اوما اور اونٹرو پرتاپ ریڈی بھی ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے موجود تھے۔