
امراوتی: آندھرا پردیش ایک ممکنہ طوفان کی تیاری کر رہا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم اے) کے مطابق،12 اکتوبر کو جنوبی خلیج بنگال میں ہوا کےدباو میں شدت آنے کی توقع ہے۔ اور یہ ایک طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے جب یہ جنوب مغربی خلیج بنگال میں مغرب کی طرف بڑھتا ہے۔
وشاکھاپٹنم کے موسمیاتی مرکز نے ماہی گیروں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ 14 سے 16 اکتوبر کے درمیان سمندر میں نہ جائیں کیونکہ حالات خراب ہیں۔ طوفان سے ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما اضلاع میں اس مدت کے دوران بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر موسلا دھار بارشوں کی وارننگ دی ہے، کچھ علاقوں میں انتہائی تیز بارش کا امکان ہے۔ اکتوبر کے دوران خلیج بنگال میں سمندری طوفانوں کا بننا کوئی معمولی بات نہیں ہے، اور رہائشیوں کو الرٹ رہنے اور مزید کسی بھی اپ ڈیٹ کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
آندھرا پردیش کے علاوہ تلنگانہ میں بھی طوفان کے اثر کی وجہ سے ہلکی سے بھاری بارش ہونے کی توقع ہے۔ عادل آباد، کمرم بھیم، منچیریل، نرمل، بھوپال پلی، ملگ، بھدرادری کتہ گوڑیم، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، محبوب نگر، ناگر کرنول، اور ونپرتھی جیسے اضلاع میں 14سے16 اکتوبر کے درمیان بارش کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کیرالہ جیسی پڑوسی ریاستیں پہلے ہی بارش کا سامنا کر رہی ہیں، اور آئندہ چند دنوں میں اسی طرح کے موسم کا آندھرا پردیش اور تلنگانہ پر اثر ہونے کی توقع ہے۔ ان ریاستوں کے کچھ حصوں میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ دونوں کے باشندوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسم کے انتباہات پر اپ ڈیٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔