
کئی سال سے بند مکان سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے ڈھانچے دستیاب ہوئے۔ اپنی نوعیت کا یہ منفرد واقعہ ریاست کرناٹک کے چترا درگا ضلع میں پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ وہ تمام خرابی صحت سے متاثر تھے اور انہیں آخری مرتبہ سال 2019 جولائی میں دیکھا گیا تھا، تب سے مکان بند تھا۔
دو ماہ قبل مکان میں چوری کی واردات بھی پیش آئی۔ مقامی افراد کی اطلاع پر آج پولیس نے مکان کا دروازہ توڑ کر دیکھا تو وہ حیرت زدہ رہ گئے کیونکہ مکان میں پانچ انسانی ڈھانچے دستیاب ہوئے۔ پولیس نے فورینسک کے ماہرین کو طلب کر لیا ہے۔ یہ انسانی ڈھانچے شوہر بیوی ان کے بیٹوں اور بیٹی کے ہو سکتے ہیں ۔ پولیس کو اس بات کا شبہ ہے۔
مرنے والوں کی شناخت ریٹائرڈ گورنمنٹ ایگزیکیٹیو انجینیئر 85 سالہ جگن ناتھ ریڈی، ان کی بیوی 80 سالہ پریما، 62 سالہ تریوینی اور 60 سالہ کرشنا اور 57 سالہ نریندرا کے طور پر کی گئی ہے۔ فورینسک رپورٹ کے بعد حقائق کا انکشاف ہوگا۔مزید تحقیقات جاری ہے۔