
بزنس مین مکیش امبانی کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ ایک نامعلوم شخص نے انہیں ای میل بھیج کر 20 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انہیں ملک کے بہترین شوٹرز کے ذریعے مار ڈالیں گے۔ ذرائع کے مطابق امبانی کو یہ دھمکی جمعرات (27 اکتوبر) کی شام ملی۔
ای میل میں لکھا تھا، ‘اگر آپ ہمیں 20 کروڑ روپے نہیں دیں گے تو ہم آپ کو مار ڈالیں گے، ہمارے پاس ہندوستان میں بہترین شوٹر ہیں’۔ یہ ای میل ملنے کے بعد مکیش امبانی کے سیکورٹی انچارج کی شکایت کی بنیاد پر گام دیوی پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 387 اور 506 (2) کے تحت نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
اس سے پہلے بھی امبانی اور ان کے خاندان کو کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ اسی وجہ سے گزشتہ سال 29 ستمبر کو مرکزی وزارت داخلہ نے ان کی سیکورٹی کو Z زمرہ سے بڑھا کر Z+ کر دیا تھا۔ مکیش امبانی سیکورٹی کے اخراجات ادا کرتے ہیں۔ یہ خرچہ 40 سے 45 لاکھ روپے ماہانہ ہے۔