
چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا راجیو کمار نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن آخری تاریخ سے پہلے پہلے الکٹورل بانڈس کے عطیہ دہندگان اور وصول کنندگان کی تمام تفصیلات شائع کرے گا۔
راجیو کمار نے کہا کہ کمیشن آنے والے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں یا بیلٹ پیپرس کے ذریعہ ووٹنگ کرانے کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق کام کرے گا کیونکہ سپریم کورٹ ایسی کئی درخواستوں کی سماعت کر رہی ہے جس میں بیلٹ پیپرس کے ذریعے ووٹنگ کرائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا راجیو کمار نے اڈیشہ کے بھوبنیشور میں آنے والے لوک سبھا اور ریاستی انتخابات کیلئے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کو حال ہی میں ہدایت دی تھی کہ وہ فوری طورپر الکٹورل بانڈس کو روک دے اور ہدایت دی تھی کہ وہ چھ مارچ تک سیاسی پارٹیوں کو عطیہ دینے والے تمام افراد کی فہرست انتخابی کمیشن کو پیش کرے۔