
حیدرآباد: آج آندھراپردیش کا یوم تاسیس ہے، سرکاری طورپراس موقع پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ہر سال یکم نومبر کو آندھراپردیش کی یوم تاسیس تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یکم اکتوبر 1953 کو متحدہ مدراس سے ریاست علیحدہ ہوئی اور یکم اکتوبر 1956 کو حیدرآباد ریاست کا انضمام کرتے ہوئے ریاست آندھرا کا ریاست آندھراپردیش کے طور پر قیام عمل میں آیا۔
چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سی ایم کیمپ آفس میں منعقدہ یوم تاسیس تقریب میں شرکت کی۔ پولیس کی سلامی لینے کے بعد انہوں نے قومی پرچم لہرایا۔ چیف منسٹر نے تلگو تلی اور پوٹی سری راملو کی تصاویر پر پھول مالا چڑھاتے ہوئے انہیں خراج پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندرمودی نے آندھراپردیش کے یوم تاسیس کے موقع پر آندھراپردیش کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹویٹرپیغام میں کہا کہ ’’آندھراپردیش کے یوم تاسیس کے اہم موقع پر اس فعال ریاست کے عوام کو میری دلی مبارکباد ۔اپنی غیرمعمولی مہارت ، غیرمتزلزل عزم اورٹھوس استقامت کے سبب آندھراپردیش کے عوام نے عمدگی کے مختلف شعبوں میں اپنی چھاپ چھوڑی ہے، میں ان کی مسلسل خوشحالی اورکامیابی کے لئے دعاگوہوں ۔ ‘‘