
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر ہریش راؤ نےکانگریس پر الزام لگایاکہ وہ جھوٹی ضمانتوں کےساتھ کرناٹک کے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کرناٹک میں کانگریس کو ووٹ ڈالنے والے عوام کو ایک بھی اسکیم کا فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کرناٹک کے چیف منسٹر کا خود کہنا ہے کہ سرکاری خزانہ خالی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک ماڈل کا نام لے کر کانگریس کے قائدین تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ہریش راؤ نے بتایا کہ کرناٹک میں پانچ گیارنٹی اسکیمات پر عمل آوری نہ کرنے والی کانگریس پارٹی تلنگانہ میں چھ گارنٹی اسکیمات پر عمل آوری کا دھوکہ دے رہی ہے۔ ہریش راؤ نے سوال کیا کہ کیا عوام ان پر اعتماد کریں گے؟ انہوں نے تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے مزید کہا کہ کرناٹک میں اندرون چند ماہ 350 کسانوں نے خودکشی کر لی ہے یہ وہاں کی صورتحال ہے
ریاست تلنگانہ میں کے سی آر کے دور اقتدار میں کسان اپنے آپ پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ کسانوں کو راست رقم کی ادائیگی کے لیے رعیتو بندھو اسکیم متعارف کرنے والے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے قائدین اس وقت ون چانس پلیز کہہ رہے ہیں اقتدار میں آنے پر ایکسکیوزمی پلیز کہیں گے۔ ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی ار کے ہاتھ مضبوط کریں۔