
حیدرآباد: جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ کے قریب ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا ۔ ایک شخص سڑک پر پانی سے بھرے گڑھوں سے گزرنے کے بعد اپنے اسکوٹر پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور ایک تیز رفتار ڈی سی ایم ٹرک سے ٹکرا گیا۔ اور اس حادثہ میں اسکی موت ہوگئی۔ مہلوک شخص کی شناخت امریندر (55سالہ) کے طور پر ہوئی ہے، جو تھیمائی پلی کے ایک سابق ایم پی ٹی سی کے شوہر ہے۔
امریندر کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ یہ حادثہ سڑک کی خستہ حالی اور ڈمپنگ یارڈ سے پانی کے اخراج کی وجہ سے ہوا، جس کی وجہ سے یہ جان لیوا ثابت ہوا۔ مہلوک کے رشتہ داروں نے بطور احتجاج، لاش کے ساتھ ڈمپنگ یارڈ میں جمع ہوئے اور سڑک کی غیر محفوظ صورتحال کے لیے جوابدہی کا مطالبہ کیا۔
اہل خانہ نے احاطے میں توڑ پھوڑ بھی کی اور مقامی تحصیلدار سُچاریتا سے بھی بحث کی ۔احتجاجیوں نے اس بات پر اصرار کیا کہ جب تک کلکٹر اور میئر اس مسئلے پر توجہ نہیں دیتے وہ لاش کو منتقل نہیں کریں گے۔ احتجاج کے باعث علاقے میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔