
حیدرآباد: بی آر ایس پارٹی نے منگل کو ریاست بھر میں تلنگانہ تلی کی مورتیوں کے لئے دودھ ابھیشیکم انجام دینے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے سکریٹریٹ میں تلنگانہ تلی کی جگہ راجیو گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تجویز پر بطور احتجاج کیا گیا ہے۔
بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارکا راما راؤ نے تلنگانہ کے تمام حلقوں کے لوگوں سے اس پروگرام میں شرکت کی اپیل کی۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ تلی کے لیے مختص جگہ پر راجیو گاندھی کے مجسمے کی تنصیب کی مذمت کی اور اسے سیاسی اقدام قرار دیا جس سے تلنگانہ تلی کی وراثت کی توہین ہوئی ہے۔
سابق وزیر نے ریونت ریڈی کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے ان پر تلنگانہ کے لوگوں کے جذبات کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام اپنے جذبات مجروح کرنے پر کانگریس پارٹی اور ریونت ریڈی دونوں کو سبق سکھائیں گے۔ بی آر ایس پارٹی نے زور دے کر کہا کہ تلنگانہ کی شناخت کی توہین کرنے والا کوئی بھی سیاست میں زندہ نہیں رہ سکتا۔