
تلنگانہ کی حکمران جماعت بی آر ایس کی جانب سے دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم کا آج سے عظیم الشان پیمانے پر آغاز ہو رہا ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ آج یعنی جمعرات کو اچم پیٹ، ونپرتی اور منوگوڑو حلقوں میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسی طرح اپوزیشن جماعتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے انتخابی منشور میں شامل 16 وعدوں سے عوام کو تفصیلی طور پر واقف کروانے کی حکمت عملی کو بھی قطعیت دی گئی ہے۔ کے سی آر بھروسہ کے نام سے پارٹی کارکن ریاست گیر سطح پر گھر گھر جا کر بی آر ایس دور حکومت میں 10 سال کے دوران حاصل کردہ کامیابیوں اور ان انتخابات میں جیتنے پر عمل کیے جانے والے 16 وعدوں کی تفصیلات سے عوام کو واقف کروائیں گے۔واضح رہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے پہلے ہی ریاست میں انتخابی مہم کا آغاز کر دیا تھا۔ تہواروں کی وجہ سے انتخابی مہم کو وقفہ دیا گیا تھا جو آج سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔