
بی آر ایس سربرا و چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ مرکز سنگا رینی کو خانگیانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے متحدہ ضلع عادل آباد کے چننور اسمبلی حلقہ کے مندا مرری میں منعقدہ بی آر ایس کے جلسہ عام سے خطاب کیا۔
کے سی آر نے کہا کہ قرض حاصل کرتے ہوئے سنگا رینی میں مرکز کو 49 فیصد کا حصہ دار کانگریس نے ہی بنایا ہے۔ تلنگانہ کو آندھرا میں شامل بھی کانگرس پارٹی نے ہی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل ریاست کی حالت انتہائی بھیانک تھی تشکیل تلنگانہ کے بعد سنگارینی کو فائدہ بخش ادارہ بنایا گیا، اس وقت سنگارینی 2184 کروڑ کے فائدے میں ہے اور دسہرہ، دیوالی میں بونس کے طور پر ایک ہزار کروڑ روپے تقسیم کیے جارہے ہیں،
چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ کانگریس جس وقت اقتدار میں تھی اس وقت سنگارینی میں ملازمین کا حصہ 18 فیصد ہی تھا لیکن بی آر ایس حکومت نے اسے 32 فیصد کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ مرکز سنگارینی کو خانگیانے پر غور کر رہا ہے۔