
حیدرآباد ۔ اصلی سونے کے زیورات کی چوری کر کے اس کی جگہ نقلی زیور رکھنے والی شاطر خاتون کو عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے چتور سے تعلق رکھنے والی بھارگوی ریڈی نامی 26 سالہ خاتون 24 نومبر کو حیدرآباد پہنچی۔
اس نے سکندرآباد حبشی گوڑہ علاقے میں واقع ایک جیولری شاپ میں جا کر سونے کے زیورات دکھانے کی خواہش کی۔اس نے موقع دیکھ کر سیلزمین کی توجہ منتشر کر کے اصلی سونے کی چین کاؤنٹر سے اٹھا کر اپنے گلے میں ڈال لی اور اس کی جگہ اپنے گلے سے اتاری ہوئی نقلی چین وہاں رکھ دی۔
خاتون کے جانے کے بعد جب سیلز مین نے چیک کیا تو اسے اس حقیقت کا علم ہوا۔ اس سلسلے میں پولیس سے شکایت کی گئی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا ۔ پتہ چلا کہ سارق خاتون نے طلائی زیور پنجہ گٹہ علاقے کی ایک دکان میں فروخت کیے ہیں۔
پولیس نے وہاں پہنچ کر معلومات حاصل کی تو انہیں پتہ لگا کہ زیور خریدنے کے بعد سارق خاتون نے رقم چتور کے ایک بینک اکاؤنٹ میں منتقل کروائی تھی۔ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے پولیس نے خاتون کو گرفتار کر لیا اور اس کے پاس سے تقریبا دو لاکھ روپے مالیتی سونے کی چین ضبط کر لی گئی۔