
ظہیرآباد۔ ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے ریاست تلنگانہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے کے سی آر کو ایک مرتبہ پھر اقتدار میں لانے کی اقلیتوں سے خواہش کی۔وہ ظہیر آباد میں اقلیتوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
ٹی ہریش راؤ نے کےسی آر کو تیسری مرتبہ چیف منسٹر بنانے کے لیے ظہیر آباد کے اقلیتوں سے تعاون کرنے اور پارٹی کے امیدوار مانک راو کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی اپیل کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تمام فلاحی اسکیمات میں ظہیر آباد کے اقلیتوں کے لیے خصوصی پیکج لانے کی ذمہ داری وہ قبول کرتے ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ وقارآباد میں شکست سے دوچار ہونے والا کانگریس کا امیدوار ظہیر آباد سے کیسے کامیاب ہوگا۔
ہریش راؤ نے روسٹر طریقہ کار کے تحت رکے ہوئے اردو میڈیم اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کرتے ہوئے ان جائیدادوں پر تقررات کا بھی تیقن دیا۔ ریاستی وزیر نے یہ بھی وعدہ کیا کہ اقلیتوں کے لیے 10 ایکڑ اراضی قبرستان کے لیے مختص کی جائے گی، حج ہاؤز، میناریٹی فنکشن ہال کے علاوہ کوہیر میں بس اسٹینڈ بنایا جائے گا۔
ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ یہ امیدوار ظہیرآباد کی گنگا جمنی تہذیب اور پرامن ماحول کو متاثر کرنے کے لیے یہاں آیا ہوا ہے۔ ہریش راو نے اقلیتوں کو تیقن دیا کہ وہ ہمیشہ عوام کے لیے دستیاب رہیں گے اور اقلیتوں کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی ان کی ترجیح ہوگی۔
وزیر صحت نے کہا کہ یہاں کے عوام سادہ لوح ہیں اور انھیں دھوکہ دینے کے لیے کانگریسی امیدوار یہاں سے مقابلہ کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریسی امیدوار کے لیے حلقہ میں مہم چلانے والا کوئی نہیں ہے وہ حیدرآباد کے غنڈوں کو اپنے ساتھ لے کر پھر رہے ہیں۔ ہریش راو نے مزید کہا کہ عوام اس بات پر غور کریں کہ الیکشن کے وقت جب اتنا ہنگامہ کیا جا رہا ہے تو سوچیے کہ جیتنے کے بعد وہ کیا کریں گے؟