
کریم نگر۔ حلقہ اسمبلی کریم نگر سے بی آرایس امیدوار و وزیر سیول سپلائیز گنگولا کملاکر نے کہا ہے کہ بی جے پی امیدوار بنڈی سنجے مذہبی نفرت پھیلا کر اپنی سیاسی دکان چلا رہے ہیں۔ انھوں نے نفرت کو فروغ دینے والوں کو سبق سکھانے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ اور ایسے لوگوں کو سیاست میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
وزیر گنگولا نے کریم نگر کے مختلف علاقوں میں سابق ایم پی ونود کمار کے ساتھ انتخابی مہم چلائی۔ جی کملاکر نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے کریم نگر اور تلنگانہ کے عوام کی فلاح و بہبود کی کبھی پرواہ نہیں کی۔ البتہ مذاہب کے درمیان پھوٹ ڈال کر اور ذات پات کے تنازعات کو ہوا دے کر اپنی سیاسی دکان چمکائی۔ ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی سیاست میں ایسے لوگوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کریم نگر اسمارٹ سٹی کا کام 2018 میں مکمل ہو گیا تھا لیکن 2019 میں ایم پی کے طور پر جیتنے والے سنجے نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسمارٹ سٹی پروجکٹ حاصل کیا جو ان کی کم عقلی اور سیاسی حماقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اُس وقت کے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کریم نگر ٹاؤن کے اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کی کامیابی کا سہرا چیف منسٹر کے سی آر کو جاتا ہے۔ ونود کمار جو کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ تھے ان کے دور میں اسمارٹ سٹی کا کام منظور ہوا تھا ۔ بنڈی سنجے جو اس وقت اسی کارپوریشن میں کارپوریٹر تھے اسمارٹ سٹی کے حصول کی لڑائی میں شامل ہونے کے بجائے بھاگ گئے تھے ۔ ایسے لوگوں کو اس ماہ کی 30 تاریخ کو اپنے قیمتی ووٹ سے مناسب جواب دیا جائے۔
—————————-