
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ نے خیریت آباد کے رکن اسمبلی دانم ناگیندر کی بی جے پی ،ایم پی کنگنا رناوت کے خلاف ان کے تضحیک آمیز ریمارکس کی مذمت کی۔ ایک ٹویٹ میں کے ٹی آر نے اس مسئلہ پر کانگریس قائدین کی خاموشی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی اختلافات سے قطع نظر خواتین کے تئیں احترام کا مطالبہ کیا۔
کے ٹی آر نے تسلیم کیا کہ وہ کنگنا رناوت کے سیاسی خیالات سے متفق نہیں ہیں لیکن اس بات پر زور دیا کہ گفتگو کو گالی گلوچ کی سطح تک نہیں لے جانا چاہیے۔ انہوں نے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کو ایک سابقہ واقعہ بھی یاد دلایا جب آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے سونیا گاندھی کے بارے میں نامناسب تبصرہ کیا تھا، تب اُس وقت کے تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ ان تبصروں کی مذمت کرنے والے سب سے پہلے یہاں تک کہ کانگریس قائدین سے بھی پہلے تھے۔
کے ٹی آر نے راہول گاندھی پر زور دیا کہ وہ اپنی پارٹی میں اعلیٰ اخلاقی معیارات قائم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کانگریس ارکان اس طرح کے رویے سے باز رہیں۔