
حیدرآباد: اسمبلی میں بی آر ایس کی خاتون ارکان مقننہ سبیتا اندرا ریڈی اور سنیتا لکشما ریڈی کے خلاف چیف منسٹر ریونت ریڈی کےمبینہ توہین آمیز ریمارکس پر بی آر ایس نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ ریاست بھر میں جمعرات کے روز احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے ریمارکس کے خلاف یکم اگست کو ریاست کے ضلع مستقر پر ریونت ریڈی کے پتلے نذر آتش کرنے کی کال دی گئی۔
غیر مشروط معافی مانگیں سی ایم
تارک راما راؤ نے ریاست کے عوام پر زور دیا کہ وہ چیف منسٹر کے تبصروں کی مذمت کریں اور انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ خاتون ارکان مقننہ کے خلاف تبصروں پر غیر مشروط معذرت خواہی کریں۔
اسمبلی میں سیاہ پٹی کے ساتھ احتجاج
بی آر ایس ایم ایل ایز نے جمعرات کو سیاہ بیجزلگا کر اسمبلی میں شرکت کی اور قانون ساز اسمبلی میں بی آر ایس خواتین ایم ایل ایز کے خلاف چیف منسٹر کے نامناسب ریمارکس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سی ایم ریونت ریڈی سے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
اسمبلی میں بحث کے لئے تحریک التواء پیش
ریاستی اسمبلی میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا کے ’’نامناسب تبصرے ‘‘ کی مذمت کرتے ہوئے، بھارت راشٹرا سمیتی نے جمعرات کو ایوان میں اس مسئلہ پر بحث کے لئے تحریک التواء پیش کی۔ پارٹی نے دونوں رہنماؤں سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا۔
بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے بدھ کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کے ذریعہ سینئر قانون سازوں پی سبیتا اندرا ریڈی اور پی سنیتا لکشما ریڈی کے ساتھ کئے گئے سلوک پر برہمی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ اسمبلی میں خواتین کے ساتھ وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی کا رویہ انتہائی توہین آمیز تھا۔ ان کے رویہ نے مجھے حیران کر دیا۔”
کانگریس لیڈروں کے تبصرے خواتین کی توہین
راما راؤ نے کہا کہ سینئر قانون ساز اراکین اور سابق وزراء سبیتا اندرا ریڈی اور سنیتا لکشما ریڈی عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ باوقار رویے اور خوش اخلاقی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا، ’’کانگریس لیڈروں کے یہ تبصرے بی آر ایس لیڈروں ہی نہیں بلکہ تمام خواتین کے تئیں ان کی توہین اور بے عزتی کو ظاہر کرتے ہیں۔‘‘
کے ٹی آر نے چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر سے دونوں سینئر خواتین قانون سازوں سے فوری اور غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ایسی معزز خواتین لیڈروں کے بارے میں نامناسب بولنا شرم کی بات ہے۔”
ریاست گیر احتجاج، علامتی پتلہ نذر آتش
بی آر ایس نے ریاست گیر احتجاج اور جمعرات کو تمام ضلع ہیڈکوارٹرس میں ریونت ریڈی کے پتلے جلانے کی کال دی، اور مؤخر الذکر کے توہین آمیز ریمارکس کی مذمت کی۔ تاہم بدھ کو اسمبلی کی کارروائی ملتوی ہونے کے فوراً بعد احتجاج شروع ہو گیا، بی آر ایس لیڈروں نے ریاست کے کئی حصوں میں پتلے جلائے۔
یہ بھی پڑھیں:
دہلی ایکسائز پالیسی معاملہ، کیجریوال منیش سیسوڈیا اور کویتا کی عدالتی تحویل میں توسیع
One Comment
[…] تلنگانہ بھر میں بی آر ایس کا احتجاج، سی ایم سے معذرت خوا… […]