
حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 27 / جولائی کو نئی دہلی میں منعقد شدنی نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ تاکہ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ سے کی گئی نا انصافی پر احتجاج درج کروایا جا سکے۔وزیر اعظم نیتی آیوگ کے صدرنشین ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی دہلی میں 27 / جولائی کو منعقد شدنی نیتی آیوگ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
واضح رہے کہ مرکزی بجٹ میں مبینہ طور پر تلنگانہ کے ساتھ روا رکھے گئے امتیازی سلوک کے خلاف 24 / جولائی کو ریاست اسمبلی میں طویل مباحث ہوئے جس میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اعلان کیا تھا کہ وہ نئی دہلی کے نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
بحیثیت چیف منسٹر تلنگانہ میں‘ تلنگانہ کے حقوق کو ٹھیس پہونچانے تلنگانہ کے لئے فنڈس جاری نہ کرنے اور تلنگانہ کو دی جانے والی اجازتیں نہ دینے کے خلاف بطور احتجاج نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا۔ ریونت ریڈی نے یہ بات کہی۔ ریاستی حکومت‘ احتجاج کے حصہ کے طورپر نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔