
میکسیکو میں ٹورسٹ بس اور ٹرک کے ٹکرانے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے۔ ریاست سینالووا میں سیاحوں کی بس ہائی وے پر مخالف سمت سے آنے والے کارگو ٹرک سے ٹکرا گئی۔ بس آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آکر جل گئی۔ اس حادثے میں 19 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی اور لاشیں اس قدر جل گئیں کہ ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ اس لیے متاثرین کی “شناخت کی تصدیق” میں وقت لگے گا۔ بعد کے ایک بیان میں سینالوا کی حکومت نے کہا کہ بس گواڈالاجارا اور لاس موچیس کے درمیان سفر کر رہی تھی۔ حادثہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 5:15 پر پیش آیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بس سے ٹکرانے کے بعد ٹریلر سڑک پر الٹ گیا جس سے دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ حادثے کے بعد شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت روکنا پڑی۔ ریاستی اٹارنی دفتر نے حادثے پر تفتیش شروع کر دی ہے۔