
حیدرآباد میں پولیس نے ایک ایسی خاتون کو گرفتار کر لیا جو لفٹ کے بہانے گاڑی پر سوار ہو کر لوگوں کو بلیک میل کر کے رقم وصول کر لیا کرتی تھی۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 32 سالہ خاتون سلطانہ کے خلاف ایک ایڈوکیٹ نے شکایت درج کروائی کے ایک خاتون نے کے بی آر پارک کے پاس اس وقت لفٹ طلب کی جب وہ کار میں گزر رہے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ایڈوکیٹ نے خاتون کو لفٹ دے دی کچھ دور جانے کے بعد خاتون نے اپنے کپڑے پھاڑ لیے اور ایڈوکیٹ کو بلیک میل کرتے ہوئے کہنے لگی اگر وہ اسے منہ مانگی رقم نہیں دیتا ہے تو وہ اس کے خلاف عصمت ریزی کی کوشش کا مقدمہ درج کروائے گی۔
ایڈوکیٹ نے خاتون کو کچھ روپے دے کر وہاں سے بھجوا دیا اور پولیس سے رجوع ہو کر اس معاملہ کی شکایت کی۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ خاتون اس طرح کے 17 واقعات میں ملوث ہے اور وہ لفٹ کے بہانے گاڑی میں سوار ہو کر لوگوں کو بلیک میل کر کے گوٹ لیا کرتی تھی۔