
حیدرآباد ۔ سائبرآباد کمشنریٹ کے حدود میں سائبر جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبر آباد اویناش موہنتی نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال سائبر جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ اویناش موہنتی نے آج سائبر آباد کمشنریٹ حدود میں سال 2023 میں رونما جرائم پر مبنی رپورٹ جاری کی۔
کمشنر پولیس نے بتایا کہ گزشتہ سال 4850 مقدمات درج ہوئے تھے جبکہ جاریہ سال 5342 مقدمات درج کیے گئے۔ اسی طرح دھوکہ دہی کے واقعات میں 232 کروڑ روپے ہڑپ لیے گئے، منشیات کے معاملات میں 277 کیسز درج کرتے ہوئے اور 567 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ زائد از 27 کروڑ روپے مالیتی منشیات ضبط کیے گئے۔
کمشنر پولیس نے بتایا کہ کمشنریٹ کی حدود میں خواتین کے خلاف جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے، عصمت ریزی کے واقعات میں بھی کمی آئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ارکان اسمبلی کو خریدنے کے کیس کی تحقیقات جاری ہے اور بہت جلد تفصیلات سے واقف کروایا جائے گا۔ ساتھ ہی سابق ریاستی وزیر سرنیواس گوڑ کے قتل کی سازش کی تحقیقات بھی جاری ہے۔
اویناش موہنتی نے کہا کہ سال نو کی تقاریب کے لیے اجازت لینی ضروری ہے اجازت کے بغیر تقاریب کا اہتمام کرنے والوں کو قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ساتھ ہی کہا کہ حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔