
حیدرآباد۔: ایک افسوسناک واقعہ میں گورنمنٹ لیڈی ٹیچر نے ذہنی طور پر متاثر اپنے معصوم بچوں کو زہر دینے کے بعد پھانسی لے لی۔یہ واقعہ شہر کے علاقہ بورا بنڈہ میں آج پیش آیا۔ انسپکٹر روی کمار کے مطابق 32 سالہ خاتون جیوتی، بنجارہ ہلز کے سرکاری اسکول میں ٹیچر کی حیثیت سے خدمات انجام دیا کرتی تھی۔اس کی شادی پانچ سال قبل وجے کمار نامی شخص سے ہوئی تھی یہ جوڑا اپنے دونوں بچوں کے ساتھ راج نگر بورا بنڈہ میں مقیم تھا۔ خاتون کا بڑا بیٹا چار سالہ ارجن اور دوسرا بیٹا ڈیڑھ سالہ آدیتیہ دونوں ذہنی طور پر متاثر تھے۔ بڑا بیٹا ٹھیک طور پر چلنے پھرنے سے قاصر تھا جبکہ چھوٹا بیٹا ٹھیک طرح سے بات بھی نہیں کر پاتا تھا۔ ان دونوں کا ہاسپٹلس میں علاج کروایا جا رہا تھا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا جس کی وجہ سے خاتون کافی تناؤ میں تھی۔ آج صبح اس نے اپنے دونوں بچوں کو دودھ میں زہر ملا کر دے دیا اور جب اسے یقین ہو گیا کہ ان دونوں کی موت ہوچکی ہے تو اس کے بعد جیوتی نے اپنے مکان میں پھانسی لے لی۔اس سلسلے میں بورا بنڈا پولیس نے مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کر کے نعشوں کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔