حیدرآباد۔: شہر کے علاقہ سکندرآباد بوئن پلی میں ایک شخص نے اپنی دونوں بیٹیوں کے ساتھ مل کر سائنایڈ کا استعمال کرتے ہوئے اجتماعی خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق بھوانی نگر سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ شریکانت چاری کی شادی بھودان پوچم پلی سے تعلق رکھنے والی اکشیا سے 11 سال قبل ہوئی تھی۔ اس جوڑے کو دو بچے بتائے گئے ہیں جن کی شناخت آٹھ سالہ سراونتی اور سات سالہ شراویہ کے طور پر کی گئی ہے۔شریکانت خانگی ملازم بتایا گیا ہے جمعرات کی رات وہ اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ کھانے کے بعد سو گیا تھا، صبح جب بیوی نے اٹھ کر دیکھا تو شریکانت اور بچے مردہ حالت میں پائے گئے۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ شوہر نے اپنے بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کرلی اس انتہائی اقدام کی وجہ کیا ہے پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ شوہر کی جانب سے بچوں کے ساتھ خود کشی پر اس کی بیوی پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے، ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ شریکانت چاری نے اپنے بچوں کو سائنایڈ دے دیا اور خود بھی لے کر خود کشی کر لی۔ پولیس مختلف زاویوں سے اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔متوفی کی بیوی سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔