
حیدرآباد ۔ وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست چیف منسٹر چندرشیکھرراو کی حکمرانی سے ملک میں نمبر 1 مقام پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح چیف منسٹر نے ریاست کے حصول کے لیے دیانتداری سے کام کیا ہے، اسی طرح ریاست کی کامیابی کے بعد ترقیاتی کاموں میں بھی وہ اسی ایمانداری سے کام کر رہے ہیں۔ ہریش راو ٹی یوڈبلیو جے بشیرباغ پریس کلب میں منعقدہ میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی نے دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں کو بھی ترقی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی لوگ دیہی علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف ہجرت کرتے تھے، اب وہ شہری علاقوں سے دیہی علاقوں کی طرف ہجرت کر رہے ہیں۔
وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اپنی کسی بھی سمجھوتہ کے بغیر حکمرانی کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی حکمرانی کی وجہ سے ریاست تلنگانہ تمام شعبوں میں نمبر 1 پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ نے مرکز کی طرف سے دیے گئے دیہی اور شہری ترقی ایوارڈز میں سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہم ترقی اور فلاح و بہبود کے حوالے سے ملک میں پہلے نمبر پر ہیں۔ کے سی آر کے ویژن کی وجہ سے ہی ہم ریاست میں برقی بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وزیرفینانس نے کہا کہ حکومت نےانتخابی منشور میں کیے گئے 90 فیصد وعدوں پر عمل کیا ہے اور کچھ ایسے کام بھی کیے ہیں جن کا منشور میں ذکر نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی، کے سی آر کٹ، رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمیں منشور میں نہیں ہیں۔
وزیر ہریش راؤ نے رعیو بندھو اسکیم کو متعارف کرنے پر کے سی آر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا۔ وزیر نے کہا کہ مشن کاکتیہ کے ذریعہ تالابوں میں پانی بھرا گیا جس سے ریاست میں زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ چاول کی پیداوار میں پنجاب ریاست کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر 1 بن گیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں میں ریاست خوشحال ہے۔ دیہی علاقوں میں ڈسپنسریوں اور بستی دواخانوں نے لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ریاست میں ایم بی بی ایس کی 10 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔ اور ہر ضلع کے لیے ایک میڈیکل کالج قائم کیا گیا ہے۔ اور ہر اسمبلی حلقہ کے لیے 100 بستروں کا ہسپتال بنایا گیا ہے۔
وزیر فینانس نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سال کے دور حکومت میں 6 لاکھ نئی ملازمتیں صرف آئی ٹی شعبہ فراہم کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 90 ہزار سرکاری نوکریوں پر تقررات کئے گئے ہیں۔ ملک میں ہر تین میں سے ایک آئی ٹی ملازمت ہمارے پاس ہے۔ وزیر نے کہا کہ خانگی شعبے میں بھی 24 لاکھ آئی ٹی ملازمتیں پیدا کی گئی ہیں۔