
حیدرآباد: شاد نگر کے طلبہ نے ٹی جی ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار کو خط لکھا ہے، جس میں شاد نگر-امنگل روٹ پر مناسب بس خدمات کی کمی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے خط میں طلباء نےبسوں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے ہونے والی اپنی مشکلات پر روشنی ڈالی ۔
طلباء کے مطابق اس روٹ پر پہلے 10 بسیں چلتی تھیں لیکن فی الحال صرف 4 بسیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے خاصی تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے بسوں کی تعداد میں اضافے کی درخواست کی تاکہ کالجوں اور دیگر مقامات پر اپنے روزمرہ کے سفر میں آسانی ہو۔ مدھو نامی ایک طالب علم نے آر ٹی سی بس پاس کی فاصلاتی حد کا مسئلہ مزید اٹھایا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ڈگری کالج ان کے گھروں سے دور واقع ہیں، اور پاس کی موجودہ حد 35 کلومیٹر ناکافی ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی سے پاس کی حد کو 45 کیلو میٹر تک بڑھانے کی اپیل کی۔
مزید برآں، طلباء نے سجنار پر زور دیا کہ وہ شاد نگر-محبوب نگر روٹ پر “پالے ویلگو” بسیں متعارف کرائیں تاکہ دیہی علاقوں میں لوگوں کے لیے رسائی کو بہتر بنایا جا سکے۔