
تلنگانہ کے وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی سریدھربابو نے واضح کیا کہ تلنگانہ کی ترقی ان کی حکومت کا ویژن ہے اور سابق حکومت کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کو روکا نہیں جائے گا۔ انہوں نے ہوٹل آئی ٹی سی کاکتیہ میں منعقدہ سی آئی آئی تلنگانہ انفرا رئیل اسٹیٹ کانفرنس سے خطاب کیا۔
ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ کا شعبہ 3 دہائیوں سے عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد ملک کی ترقی میں تیزی پیداکرنا ہے۔انہوں نے وزیراعلی ریونت ریڈی کے ساتھ حال ہی میں سوئٹزرلینڈ کے ڈاوس میں عالمی معاشی فورم کے اجلاس میں شرکت کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ ڈاوس کے دورہ کے دوران ہم نے انفراسٹرکچر پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ہم صحیح پالیسیوں کے ساتھ رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کی ترقی کے لیے سخت مساعی کریں گے۔
پالیسی سازی میں صنعت کاروں کا تعاون بھی ضروری ہے۔ روس جیسے ممالک کے صنعت کار بھی حیدرآباد کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت موسیٰ ندی کی صفائی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ موسی ندی کے آبگیر علاقہ کو ترقی دی جائے گی۔ساتھ ہی انتخابات کے موقع پر عوام سے جو 6ضمانتوں کے وعدے کئے گئے تھے، ان پر عمل کیاجائے گا۔