
حیدرآباد ۔ سائبر دھوکہ بازوں نے سینئر پولیس آفیسر ،ریاستی اے سی بی کے ڈی جی، سی وی آنند کے نام سے نقلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا ہے۔ ان کے نام سے دو فیس بک اکاؤنٹ بناتے ہوئے جہاں لوگوں سے رقم وصول کی جا رہی ہے وہیں غیر ضروری پیغامات بھی روانہ کیے جا رہے ہیں۔
حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے اس معاملہ میں از خود کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور آئی پی ایڈریس کی مدد سے ملزمین کی نشاندہی کا کام کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے خواہش کی ہے کہ وہ نقلی اکاؤنٹ سے ہوشیار رہیں اور اگر ان کا نقلی اکاؤنٹ بنائے جانے کی اطلاع ملتی ہے تو فوری سائبر کرائم پولیس کو شکایت کریں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں گورنر تلنگانہ کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کیا گیا تھا اور بی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی ہیک کیا گیا تھا۔ ان واقعات کے بعد تازہ طور پر سینئر پولیس عہدیدار کے نام سے نقلی اکاؤنٹ بنانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔